شمال مشرقی دہلی میں تشدد پر قابو پانے کے لیے پولیس کو ہدایات کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع، کل ہوگی سماعت

نئی دہلی، فروری 25— چونکہ شمال مشرقی دہلی میں آج تیسرے روز سی اے اے پر تشدد کا سلسلہ جاری رہا لہذا پولیس کی کارروائی اور حفاظتی اقدامات کی ہدایت کے حصول کے لیے تھوڑی دیر پہلے ہی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ کل اعلی عدالت اس درخواست کی سماعت کرے گی۔ دریں اثنا تشدد میں ایک پولیس اہلکار اور شہریوں سمیت ہلاکتوں کی تعداد سات ہوگئی ہے-

بھیم آرمی چیف چندرشیکھر آزاد، سابق سی آئی سی وجاہت حبیب اللہ اور شاہین باغ کے رہائشی بہادر عباس نقوی کے ذریعہ دائر درخواست کا ذکر ایڈووکیٹ محمود پراچہ کے ذریعہ منگل کی صبح جسٹس ایس کے کول اور کے ایم جوزف پر مشتمل بینچ کے سامنے کیا گیا تھا۔

شمال مشرقی دہلی کے متعدد حصوں میں آج بھی تشدد کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس میں ہلاکتوں کی تعداد سات تک پہنچ گئی ہے۔ گذشتہ رات تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ تھی۔ 100 سے زیادہ کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

انسانی جانوں کے علاوہ، متعدد دکانیں، مکانات، کاریں اور بائک بدمعاشوں نے نذر آتش کردیے۔

بی جے پی کے رہنما کپل مشرا کے اشتعال انگیز ٹویٹس اور بیان کے بعد اتوار کی سہ پہر سی اے اے کے حامی اور مخالف مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ سینئر پولیس آفیسر کی موجودگی میں انھوں نے سی اے اے مخالف مظاہرین سے جگہوں کو صاف کروانے کے لیے پولیس کو تین دن کا الٹی میٹم دیا تھا۔ یہ جھڑپیں پیر کو مکمل طور پر فرقہ وارانہ تشدد میں بدل گئیں اور دن اور رات یہ سلسلہ جاری رہا۔ پیر کو مشرا نے امن کی اپیل جاری کی۔