کٹرہ میں واقع مذہبی مقام ‘دیوی پنڈی’ پر پکنک منانے پر پابندی عائد

کٹرہ میں واقع مذہبی مقام ‘دیوی پنڈی’ پر پکنک منانے پر پابندی عائد

جموں، 24 جون (یو این آئی) ضلع ریاسی کے کٹرہ علاقے کے نزدیک ترکوٹہ پہاڑیوں کے دامن میں واقع ‘دیوی پنڈی’ پر نوجوانوں کے ایک گروپ کا پکنک کے دوران شراب پینے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ضلع انتظامیہ نے اس جگہ پر نوجوانوں کی غیر ضروری نقل و حمل پر پابندی عائد کر کے صرف یاتریوں کو ہی چلنے پھرنے کی اجازت دی ہے۔

حکام نے ویڈیو کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ‘دیوی پنڈی’ کے نزدیک پکنک پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور اس جگہ پر پولیس اور سی آر پی ایف کو تعینات کیا گیا ہے اور پکنک پر آنے والوں پر نگرانی رکھنے کے لئے ڈرون کمیروں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

اے ایس پی کٹرہ امیت بھسین نے یو این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘دیوی پنڈی’ کوئی سیاحتی مقام نہیں بلکہ ایک مذہبی جگہ ہے اور ملک بھر سے شری ماتا ویشنو دیوی کی یاترا پر آنے والے یاتری اس جگہ پر بھی حاضری دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس جگہ پر جانے کی اجازت صرف یاتریوں کو دی جائے گی۔بتا دیں کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ نوجوان ‘دیوی پنڈی’ کی طرف جاتے ہوئے شراب پی رہے ہیں جس کے پیش نظر لوگوں نے ان نوجوانوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سول انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں اور پولیس افسروں نے دیوی پنڈی کا دورہ کیا ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.